فیصل آباد (جیوڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ملک میں داعش کا کوئی وجود نہیں لیکن کالعدم تنظیمیں اس کا نام استعمال لے رہی ہیں۔
فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثناللہ کا کہنا ہے کہ پنجاب میں امن و امان کا قیام ہماری ذمہ داری ہے، صوبے کے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔
داعش کا پاکستان میں کوئی وجود نہیں ہے نہ ہی باہر سے داعش کے لوگ آئیں گے، کالعدم تنظیمیں داعش کا نام استعمال کر رہی ہیں، یہ وہی لوگ ہیں جو کبھی ٹی ٹی پی سے منسلک ہوجاتے ہیں تو کبھی کسی دوسری تنظیم کا نام لیتے ہیں اور ہماری ان پر لوگوں پر کڑی نظر ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دونوں مرحلے پرامن اور شفاف ہوئے، کسی نے انتخابی عمل کو چیلنج نہیں کیا اور جو لوگ دھاندلی کا شور مچاتے رہے انہیں منہ کی کھانا پڑی۔
فیصل آباد میں مسلم لیگ (ن) کا نا تو رانا ثنا اللہ گروپ ہے اور نا ہی کوئی دوسرا گروپ، اگر ہیں تو سب اپنی موت آپ مرجائیں گے کیونکہ مسلم لیگ (ن) اور حکومت پنجاب نے بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کے چناؤ میں پریشر گروپ کی سیاست کا راستہ روک دیا ہے۔ اب صاف و شفاف طریقے سے انٹرویو کے بعد بہترین مخلص اور عوامی خدمت سے سرشار لوگوں کو ہی سامنے لایا جائے گا۔