کراچی (جیوڈیسک) ناتھا خان اور پیر آباد سمیت مختلف علاقوں میں رینجرز نے سرچ آپریشن کر کے 44 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
کراچی میں رینجرز کی جانب سے قیام امن کے لیے امن کے غارت گروں کے خلاف ٹارگٹد کا رروائیاں جاری ہیں، رینجرز نے کالعدم تنظیم کے کارندوں اور جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر ناتھا خان کے علاقے ہزارہ گوٹھ میں سرچ آپریشن کیا۔ رینجرز کی نفری نے علاقے کا محاصرہ کر کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر دیے اور 100 سے زائد گھروں کی تلاشی لی ، تلاشی کے دوران بیس سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد میں منشیات فروش اور کالعدم تنظیم کے کارندوں سمیت دیگر ملزمان بھی شامل ہیں ، افراد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے ۔ دوسری طرف رینجرز نے منگھو پیرآباد کے علاقے کنواری کالونی میں بھی سرچ آپریشن کیا جس کے دوران کالعدم تنظیم کے کارندوں سمیت 22 افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام منتقل کردیا گیا جبکہ ایک ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران تین ہٹی کے قریب سے بھی دو افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔