گلگت (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ شمالی علاقوں پر کراچی، لاہور اور پشاور سے زیادہ پیسہ خرچ کر رہے ہیں۔ پچاس ارب کے گلگت اسکردو ایکسپریس وے منصوبے پر جلد کام شروع ہوگا۔
گورنر گلگت بلتستان کی تقریب حلف برداری کے بعد خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں اس خطہ پر توجہ نہیں دی گئی۔ موجودہ حکومت بھاری سرمایہ خرچ کررہی ہے جس سے اس علاقے میں خوشحالی آئے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پچاس ارب مالیت کا گلگت اسکردو ایکسپریس وے منصوبہ جلد شروع کریں گے، بھاشا، داسو اور بنجی ڈیم پر کام ہورہاہے جن سے دس ہزا میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا ہوگی ،بڑے طیاروں کے قابل ایرپورٹ تعمیر کریں گے۔
وزیراعظم نے خطہ کے عوام کی تمناؤں کے مطابق انہیں آئین کے تحت لانے کی بھی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس خطہ میں اصلاحات کے لیے کمیٹی بنادی گئی ہے، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی سے اس علاقے میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔