لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے زیر اہتمام ”یکساں نظام، یکساں نصاب اور ایک زباں” کے لئے ریفرنڈم میں طلبہ و طالبات کی بھرپور شرکت ۔ملک بھر کی سرکاری اور نجی یونیورسٹیز کالجز اور تعلیمی اداروں کے علاوہ اہم چوکوںاور شاہرائوں پہ بھی ریفرنڈم کے لئے کیمپس لگائے گئے۔ریفرنڈم صبح نو بجے سے شروع ہوا ۔لاہور، کراچی، اسلام آباد، مظفرآباد، پشاور ، حیدر آباد ، کوئٹہ ، ملتان ، گوجرانوالہ ، سوات۔سکھر ، شکار پور،فیصل آباداور گلگت سمیت ملک کے تمام شہروں ، کالجز اور جامعات میں کیمپس لگائے گئے۔
ان کیمپس میں طلبہ و طالبات اور عوام کی ایک بڑی تعداد نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔اس موقع پر کارکنان جمعیت اور ذمہ داران طلبہ و طالبات کو یکساں نظام کی اہمیت کے بارے میں بریفنگ بھی دیتے رہے جبکہ ہینڈبلز اور پمفلٹس بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا اور ووٹ ڈالنے والے طلبہ و طالبات کے جذبے کو داد بھی دے، اس موقع پر انہوں نے طلبہ و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یکساں نصاب ، یکساں نظام اور ایک زبان ہی قوم کا مقدر ہے۔ ریفرنڈم میں طلبہ و طالبات کی شرکت اس بات کی دلیل ہے کہ قوم یکساں نظام تعلیم چاہتی ہے۔
نوجوان ہی منتشر قوم کا شیرازہ بکھرنے سے قوم کو بچا سکتے ہیں ، یکساں نظام ہی ڈوبتی کشتی کو پار لگا سکتے ہیں۔ ملک میں یکساں نظام تعلیم رائج کیا جائے، تاکہ معاشرے میں جاری باہمی چپقلش اور عدم توازن کو کم کیا جائے۔ تعلیم حاصل کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور آئین حکومت کو تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کا پابند بناتا ہے۔ زبیر حفیظ نے حکومت کی پالیسیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میڑو اینڈ اورنج ٹرین ترقی کی بنیاد نہیں ، بلکہ پرامن خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواب یکساں نظام تعلیم سے ہی پورا ہو سکے گا۔
مزید برآن ریفرنڈم کے نتائج کا اعلان آج گنتی مکمل ہونے کے بعد پریس کانفرنسز کے ذریعے کیا جائے گا۔نتائج سے اراکین پارلیمنٹ اور تعلیم و پلاننگ کے وزارتوں کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔ کالم نگاران اور اینکرز کو ریفرنڈم پر مبنی رپورٹ بھی ارسال کی جائے گی۔جس کیذریعے حکومت سے یکساں نظام تعلیم کے لئے قانون سازی کرنے کے لئے دبائو بڑھایا جائے گا۔