واشنگٹن (جیوڈیسک) پیرس حملوں کے بعد فرانسیسی صدر نے امریکی صدر سے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے داعش کے خلاف جنگ تیز کرنے پر زور دیا ہے۔ فرانس نے واضح کیا ہے کہ داعش کے خلاف لڑنے کے لیے زمینی فوج نہیں بھیجے گا۔
فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے آج وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر بارک اوباما سے سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد ہونے والی مشترکہ پریس کانفرنس میں صدر اوباما نے کہا کہ داعش کا خاتمہ فرانس کے ساتھ مل کر کریں گے فرانس کی آزادی کے لیے ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں۔ اس وقت 65 ممالک داعش کو تباہ کرنے کے لئے متحد ہیں۔
امریکی صدر نے اگلے ہفتے عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں شرکت کیلئے میں پیرس جانے کا بھی اعلان کیا۔ فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند کا کہنا تھا کہ اس وقت عالمی برادری داعش کو ختم کرنے پر متفق ہے۔ دہشت گرد قیادت اور ان کے مالی معاونین کو بھی پکڑیں گے۔ دہشت گردی روکنے کے لیے شام اور ترکی کی سرحد بند کرنا ہونگی۔
فرانسوا اولاند کا کہنا تھا کہ بشارالاسد شام کا مستقبل نہیں ہوسکتے، داعش کے خلاف حملوں کو عراق اور شام تک پھیلادیں گے۔ بنیاد پرستی خطرہ بنتی جا رہی ہے۔ فرانسیسی صدر نے مزید کہا کہ امریکی صدر اوباما نے لامحدود تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور داعش کے خلاف کارروائی کے سلسلے میں روسی صدر سے بھی ملاقات کی جائے گی۔