کراچی (جیوڈیسک) جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات فوج اور رینجرز کی نگرانی کے بغیر ممکن نہیں ،صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے ہمارے تحفظات پر غیر سنجیدگی کا مظاہر ہ کیا جا رہا ہے۔
کراچی میں صوبائی الیکشن کمشنر تنویر زکی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات فو ج کی نگرانی میں نا گزیر ہیں ، انتخابی مواد کی ترسیل اور نتائج رینجرز کی نگرانی میں ہونے چاہئیں۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ صوبائی الیکشن کمیشن کو 3 بار تحریری طور پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا گیا لیکن ہر بار غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے بتایا کہ کراچی کے عوام کو پیغام دینے کیلئے عمران خان اور سراج الحق 28 نومبر کو کراچی پہنچ رہے ہیں۔