کراچی (جیوڈیسک) قانون کی خلاف ورزی کرنے پر متحدہ قومی موومنٹ کے نو رہنمائوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ واسع جلیل نے لندن میں ہونے کے باوجود مقدمے میں نامزد ہونے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
احتجاجی ریلی نکالنے پر کراچی کے سولجر بازار تھانے میں ایم کیو ایم کے 9 رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایس پی جمشید ٹاؤن کے مطابق حیدر عباس رضوی، فاروق ستار، وسیم اختر ، نسرین جلیل، محمد حسین، کمال پاشا، کنور نوید جمیل اور فیصل سبزواری کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے میں شہریوں کو ہراساں کرنے ، روڈ بلاک کرنے اور لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ واسع جلیل نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ وہ لندن میں موجود ہیں۔ اس کے باوجود نامزد کیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت اوچھے ہتھکنڈے اپنا رہی ہے۔