کراچی: سابق ٹائون ناظم گلبرگ و امیدوار برائے چیئرمن یونین کونسل 28، فاروق نعمت اللہ نے کہا ہے کہ شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد ہی کراچی کے مسائل کا حل ہے اور ملک کے سب سے بڑے اور صنعتی حب میں قیام امن خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے، پُرامن کراچی کا خواب صرف جماعت اسلامی پورا کر سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عدیل چغتائی میڈیکل کمپلیکس، رحمن آباد، گلبرگ میں الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
فاروق نعمت اللہ نے مزید کہا کہشہر کراچی کے گلی کوچے ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں کے رحم و کرم پر ہیں، ہمارے نوجوانوں کو کتاب کی جگہ اسلحہ تھما دیا گیا ہے۔ سرکاری زمینوں پر قبضہ کرکے انہیں بیچا گیا، بد امنی کی وجہ سے اس شہر میں بسنے والے شدید خوف و ہراس، مصائب اور مشکلات کا شکار ہیں۔ اہل کراچی 5 دسمبر کو جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کروا کر ان تمام مسائل سے چھڑا حاصل کریں، جماعت اسلامی نے اپنے دور نظامت میں شہر کراچی کے عوام کی بلا تخصیص خدمت کی ہے۔ جماعت اسلامی قیام پاکستان سے لے کر آج تک پاکستان خصوصاً کراچی کے عوام کی خدمت کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔
ٹارگٹ کلنگ کے متاثرین ہوں یا کسی بھی سانحہ یا ناگہانی آفت سے متاثر ہونے والے خاندان ہوں جماعت اسلامی نے بلا رنگ و نسل تمام افراد کی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اگر پر امن کراچی کا خواب پورا ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر دیکھنا چاہتے ہیں تو وہ 5 دسمبر کو جماعت اسلامی کے نمائندوں کو کامیاب بنائیں، کراچی پر امن ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا اور پاکستان اسی وقت خوشحال ہوسکتا ہے جب یہاں سے بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ، مہنگائی اور غربت کا خاتمہ ہو۔
علاوہ ازیں یونین کمیٹی31 گجرو میں میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے امیدوار برائے چیئرمین عبدالستار برفت اور وائس چیئرمین حاجی طور خان نے کہا ہے کہ کراچی کو ایماندار اور دیانت دار قیادت ہی حل کرسکتی ہے، عوام 5 دسمبر کو کراچی کی تعمیر و ترقی کے لئے صالح کردار کے لوگوں کو منتخب کریں، جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے ماضی میں بھی شہر کو اس با اختیار شہر بنایا تھا، سڑکوں کال جال بچھایا، پانی کے نئے منصوبے شروع کیے ، جامعات اور کالجز قائم کیے اور اس شہر کی حقیقی شناخت بحال کی تھی لیکن بعد میں آنے والوں نے اس شہر کی شناخت چھین لی اور اسے خوف و دہشت کی علامت بنا دیا۔ جماعت اسلامی شہر کراچی کی شناخت بحال کرائے گی اور اسے پھر سے روشنیوں کا شہر بنائے گی۔