برازیل (جیوڈیسک) محکمہ صحت نے مچھروں کے ذریعے زیکا وائرس اور جان لیوا دماغی مرض کے درمیان تعلق کی تصدیق کی ہے۔
زیکا وائرس افریقا، جنوبی امریکا ، جنوب مشرقی چین اور اوقیانوس کے بعض جزائر میں عام ہے جس کے بعد سردرد، بخار، جوڑوں کا درد اور آنکھیں سرخ ہوجاتی ہیں۔ تحقیق سے پتا چلا ہے کہ یہ مرض بہت حد تک ماں سے بچے میں منتقل ہوکر پیدائشی نقائص کی وجہ بنتا ہے۔
برازیل میں حالیہ برسوں میں ایسے بچے پیدا ہورہے ہیں جن کے دماغ چھوٹے ہیں اور اس طرح بچے نارمل نہیں رہتے اور ان کی جسمانی نشوونما متاثر ہوتی ہے۔ برازیل میں طبی تحقیق کے ایک بہت بڑے ادارے میں مردہ بچوں پر تجزیے کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ ان کی ہلاکت زیکا وائرس کی وجہ سے ہوئی ہے۔
زیکا وائرس ایک قسم کے مچھر ’ایڈس ایجپٹیائی‘ سے پھیلتا ہے اور یہی مچھر زرد بخار، ڈینگی اور چکن گونیا وائرس کی وجہ بھی بنتا ہے۔ زیکا بچوں کے علاوہ بڑوں میں بھی اموات کی وجہ بن رہا ہے، زیکا وائرس سے نومولود بچوں کے دماغ سکڑ رہے ہیں جسے مائیکروسیفیلی کا مرض کہتے ہیں۔
برازیل کے کئی علاقوں میں اس کی وبا پھیل چکی ہے اس وقت برازیل میں 739 ایسے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جب کہ 2014 میں 147 افراد میں یہ مرض نوٹ کیا گیا ہے۔ یہ وائرس ڈینگی کی ہلکی قسم ہے جو برازیل کے 26 میں سے 18 ریاستوں میں پھیل چکا ہے۔