کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے بلدیاتی انتظامات کے حوالے سے پولنگ اسٹیشن کے اطراف بلدیاتی انتظامات کی بہتری اور علاقائی سطح پر عوام کو درپیش مسائل سے چھٹکارہ دلا نے کے لئے بلدیہ کورنگی میں 5 دسمبر تک میونسپل ایمرجنسی کا نفاذ کرکے تمام محکموں کے افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ پولنگ اسٹیشنوں کے اطراف صفائی وستھرائی روشنی کے انتظامات کی بہتری کے ساتھ پولنگ اسٹیشن کے اطراف تجاوزات اور رکاوٹوں کا ہنگامی بنیادوں پر خاتمہ کیا جائے۔
میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے متعلقہ افسران کے ہمراہ شاہ فیصل کا تفصیلی دورہ کرکے پولنگ اسٹیشن کے اطراف بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے صفائی وستھرائی اور بلدیاتی انتظامات کے معائنے کے ساتھ عظیم پورہ اور شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں بلدیہ کورنگی کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اس موقع پر سپرٹنڈننگ انجینئر بلدیہ کورنگی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے بلدیہ کورنگی کے تینوں زون شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بلدیاتی انتخابات کے موقع پر ووٹروں اور علاقہ عوام کو مسائل سے پاک ماحول کی فراہمی کے لئے اقدامات تیز کئے جائیں ہنگامی بنیادوں پر تمام پولنگ اسٹیشنوں کے اطراف اور آمد و رفت کے راستوں پر صفائی وستھرائی روشنی کے انتظامات کی بہتری سمیت دیگر بلدیاتی انتظامات کو فوری مکمل کیا جائے۔