اسلام آباد (جیوڈیسک) آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایڈز سے آگاہی کا دن اس عزم کے ساتھ منایا جارہا ہے کہ دنیا بھر سے اس مرض کے مکمل خاتمے کے ساتھ تمام لوگوں کو صحت مند زندگی گزارنے کے مواقع دستیاب ہوں گے۔
ایڈز سے آگاہی کے سلسلے میں اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ’یو این ایڈز کے زیر اہتمام ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں معروف ڈاکٹرز، ماہرین اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ایڈز سے بچاوٴ ممکن ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ صاف ستھرا طرز زندگی اختیار کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں ایڈز کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔
مقررین نےاقوام متحدہ کے جاری کردہ اعداد وشمار کے حوالے سے بتایا کہ سال 2014 کے اختتام تک دنیا بھرمیں 36اعشاریہ9 ملین افراد ایچ آئی وی سے متاثر ہوئے۔ افریقہ،یورپ، امریکہ میں اس مرض کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا جبکہ کچھ کیسز ایشیائی ممالک میں بھی رپورٹ ہوئے۔
اقوام متحدہ کے ایڈز سے متعلق کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر ماما دو ایل سیکو نے اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا سے ایڈز کے وائرس کا خاتمہ ممکن ہے اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصے کے طورموثر کوششوں کے ذریعے ہم سال 2030ء تک دنیا سے ایڈز کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی یوم ایڈز کے موقع پر ہم کمیونٹی کے ایچ آئی وی ٹیسٹنگ سسٹم کی مدد سے تیزی کے ساتھ انسداد ایچ آئی وی پر تیزی سے عمل پیرا ہیں جس کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول حکومتوں، اقوام متحدہ کے اداروں، نجی شعبہ، مذہبی رہنماء، میڈیا اور سول سوسائٹی کو تعاون کرناچاہئے۔