راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملٹری پولیس پر حملے کا مقصد آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو کمزور کرنا ہے۔ آرمی چیف نے ملزموں کی گرفتاری کے لئے انٹیلی جنس کو ہدایت کر دی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ حملے کے ملزموں کی گرفتاری کیلئے ہر قدم اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی کارروائیاں ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے حوالے سے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں ملوث ملزموں کو ہر حال میں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم ہر طرح کی دہشت گردی کو پاک سر زمین سے ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
دوسری جانب جنرل راحیل شریف نے گوجرانولہ میں آرمی ایوی ایشن اسکول کا دورہ کیا۔ جہاں اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ آرمی ایوی ایشن نے دہشتگردی کے خلاف جنگ اور مادر وطن کو درپیش خطرات سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف نے آرمی ایوی ایشن سکول گوجرانوالہ کے بیسک پائلٹ کورس کی گریجوایشن تقریب میں شرکت کی۔
جنرل راحیل شریف نے کہا کہ آرمی ایوی ایشن کو جدید بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ آرمی ایوی ایشن نے نہ صرف آپریشن ضرب عضب میں اپنا لوہا منوایا ہے۔ بلکہ زلزلے اور سیلاب جیسی قدرتی آفات سے نمٹنے میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔