نیو دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہاہے کہ 125 کروڑ ہندوستانیوں میں سے کسی کی بھی حب الوطنی پرانگلی اٹھائی جا سکتی ہے نہ ہی کسی کوکسی سے حب الوطنی کاسرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت ہے، ظلم کاکوئی بھی واقعہ ملک اوربھارتی معاشرے کیلیے بدنما داغ ہے۔
یہ بات انھوں نے راجیہ سبھامیں عدم برداشت کے حوالے سے جاری بحث کے دوران اپنے طویل خطاب میں کہی۔بھارتی وزیراعظم نے کہاکہ کسی کے ساتھ بھی اگرکوئی ظلم ہوا ہے توہمیں اس کی تکلیف کومحسوس کرتے ہوئے اس بات کویقینی بناناچاہیے کہ آئندہ اس طرح کے واقعات نہ ہوں اوراس کے تدارک کیلیے اقدامات کیے جائیں۔
علاوہ ازیں بھارتی صدرپرناب مکھر جی نے کہاہے کہ گندگی ہمارے ملک میں نہیں ہمارے ذہنوں میں ہے،ہمیں اختلاف رائے والی سوچ کوترک کرنا ہوگا کیونکہ ایسے خیالات ہمیں ہم اوران میں تقسیم کررہی ہے۔ احمدآباد میں مہاتماگاندھی صبرماتی آشرم میں عدم برداشت پرخطاب کرتے ہوئے پرناب مکھرجی کاکہنا تھاکہ گاندھی کے نظریے کے مطابق یہاں ہرشخص برابرہے۔