پنجاب: جدید لینڈنگ سسٹم ناکام، دھند کے باعث پروازوں کا رخ تبدیل

Fog

Fog

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب میں جدید لینڈنگ سسٹم کے افتتاح کے باوجود شدید دھند کے باعث پروازیں لینڈ کرنے میں ناکام ہو گیئں اور پروازوں کا رخ تبدیل کر دیا گیا۔

پنجاب کے مختلف شہر دھند کی لپیٹ میں ہیں، موٹروے پر حد نگاہ صفر ہونے پر لاہور سے شیخوپورہ موٹروے بند کر دی گئی اور گاڑیوں کو جی ٹی روڈ کی طرف موڑ دیا گیا جس کے باعث، بابو صابو انٹر چینج پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب مزدا اور ٹرک میں تصادم سے دو افراد لقمہ اجل بن گئے۔

شدید دھند کے باعث ، لاہور ائیرپورٹ پر جدید لینڈنگ سسٹم بھی متاثر ہو گیا اور قطر ائیر لائن کی دوحہ سے آنے والی پرواز 628 کو کراچی، ائیر بلیو کی شارجہ سے آنے والی پرواز 413 کو اسلام آباد بھجوا دیا گیا۔

قصور اور گردو نواح میں بھی شدید دھند سے لاہور قصور روڈ پر حد نگاہ 10 میٹر رہ گئی جس کے بعد ڈرائیوروں کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، شیخوپورہ اور گردو نواح میں بھی شدید دھند نے ڈیرے ڈال دئیے۔

حد نگاہ صفر ہونے پر موٹروے ایم تھری کو بھی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا، دھند کے باعث موٹر وے، فیصل آباد پنڈی بھٹیاں سیکشن بھی بند کر دیا گیا۔ پولیس حکام نے گاڑیوں کی رفتار آہستہ رکھنے اور فوگ لائٹس آن رکھنے کی ہدایت کر دی۔