بھارتی ریاست تامل ناڈو میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی، 200 افراد ہلاک

Tamil Nadu Rain

Tamil Nadu Rain

چنائے (جیوڈیسک) بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے جس کی وجہ سے دارالحکومت چنائے میں نظام مفلوج ہو گیا ہے۔ ریاستی دارالحکومت چنائے میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور پورا شہر پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔

صورتحال کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں چھٹیاں کر دی گئیں ہیں جبکہ ایئر پورٹ پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے پروازیں بھی معطل ہیں۔ سیکڑوں مسافر چنائے ایئر پورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔

ریلوے ٹریک زیر آب آنے کی وجہ سے ٹرین سروس بھی معطل ہے جس کی وجہ سے چنائے دیگر شہروں سے کٹ کر رہ گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 200 تک جا پہنچی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تامل ناڈو میں مسلسل ہونے والی موسلا دھار بارشوں نے 100 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ بارشوں کا سلسلہ مزید چار روز تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

تامل ناڈو کی ریاستی حکومت نے چنائے میں ایمرجنسی کا نفاذ کر رکھا ہے اور شہر کی تمام فیکٹریاں اور دفاتر بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔ مسلسل بارشوں کے باعث 60 فیصد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ امدادی کارروائیوں کے لیے فوج طلب کر لی گئی ہے۔