تحریر: رانا اعجاز حسین آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے متعدد بارملک کی سا لمیت کیخلاف دشمن ایجنسیوں کی سازشیں ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔بلاشبہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری پاکستانی قوم پاک فوج اور مسلح سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے جو ہمارے محفوظ کل کے لیے اپنا آج قربان کررہے ہیں، پاک فوج کی قربانیاں رنگ لارہی ہیں وہ دن دور نہیں جب ملک بھر سے امن کا سورج طلوع ہوگا۔ بے شک ہر ہر لمحہ عوام پاکستان کی دعائیں پاکستان کی بہادر مسلح افواج کے ساتھ ہے ، پوری پاکستانی قوم جنرل راحیل شریف جیسے بہادر سپاہ سالار کی قیادت پر فخر کرتی ہے۔
ہر موقع اور ہرمحاذ میں پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے اپنی بہادری کی مثالیں رقم کی ہیں۔ ان دنوں بھی افواج پاکستان آپریشن ضربِ عضب اور نیشنل ایکشن پلان کے ذریعے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے میں مصروف عمل ہے ۔آپریشن ضرب عضب میں آرمی لڑاکا جیٹ طیارے، گن شپ ہیلی کاپٹر کوبرا اہداف کو نشانہ بنارہے ہیں۔ جبکہ اسکے ساتھ ساتھ پشاور سے ملحقہ علاقوں میں بھی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی اور زمینی کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔ تقریباً اٹھارہ ماہ سے جاری اس آپریشن میں سکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کیخلاف یقینا نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور سینکڑوں غیرملکیوں سمیت دہشت گرد تنظیموں کے متعدد اہم کمانڈرز اس آپریشن میں مارے گئے ہیں جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ’ ایمونیشن’ گاڑیوں اور دوسرے سامان حرب سمیت دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ ہوئے ہیں۔
Pakistan
دشمن ملکوں کے آلہ کار ان ملک دشمن عناصر نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ہمیشہ رخنہ ڈالا اور ملک خداداد کو پھلنے پھولنے کا موقع نہ دیا، اور ملک بھر میں دہشت پھیلانے کے لیے بے گناہ پاکستانیوں کے قتل عام کا سلسلہ جاری رکھا۔ جس پر بارہا یہ مطالبے سامنے آتا رہا کہ ان ملک دشمن عناصر کے خلاف ایک بہت مو ثر اور بڑے آپریشن کی ضرورت ہے،
جس پر پاکستان کی بہادر فوج نے دشمن کے ارادے خاک میں ملادیے ہیں۔ پاک فوج اس سے پہلے دہشت گردوں کے خلاف کئی آپریشن کرچکی ہے جن میںآپریشن راہ راست، آپریشن المیزان، راہِ حق اورآپریشن راہِ نجات قابل ذکر ہیں۔ ان تمام آپریشنز میںجہاں دہشت گردوں کا بھاری نقصان ہوا وہاں پاک فوج کے کئی افسران اور سول شہریوں نے جام شہادت نوش کیا۔
15 جون 2014ء کو اب تک کا سے بڑا آپریشن طالبان اور دیگر ملک دشمن گروپس کے خلاف لانچ کیا گیا۔ عسکری قیادتوں کی جانب سے بجاطور پرآپریشن ضرب عضب میں بے پناہ کامیابیوں کا دعویٰ اور آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا گیاہے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کئی بار خود اگلے مورچوں کا دورہ کیا ، جس سے مسلح افواج کے سپاہیوں کا عزم و حوصلہ مذید بلند ہوا ۔
Pakistan’s Operation Zarb-e-Azb
اس آپریشن کے دوران ملک دشمن دہشت گردوں نے ردعمل کے طور پر نیول ڈاکیارڈ کراچی’ واہگہ بارڈر لاہور’ ملٹری پبلک سکول پشاور اور سانحہ صفورا ، کراچی میں اسماعیلی برادری اور صوبائی وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کی شہادت ، اور بڑھ بیر پشاور میں پاک فضائیہ کے ائیر بیس اور مسجد پر حملے سے دہشت گردی کی بزدلانہ واردات کی ہے۔ دہشت گردی کی ایسی ہر واردات کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی غیرمعمولی فعالیت اور ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت ترین کاروائی کے بیانات سے جہاں پوری قوم کا حوصلہ بلند ہوا وہیں پاک فوج کا مورال بھی بلند ہوا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کی اس جنگ میں مسلح افواج کی دلیری اور شجاعت قابل دید ہے۔
پوری قوم کو پاک فوج کی بہادر قیادت پر فخر ہے ۔ پوری پاکستانی قوم دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ پاک فوج کے ان سپاہیوں کو سربلند رکھے جو برف زاروں ، ریگزاروں ، اور کہساروں پر اہل پاکستان کو دشمنان کے شر سے محفوظ رکھنے کے لیے سینہ سپر ہیں۔اللہ تعالیٰ ہماری اس پاک سرزمین کی دشمن کی مکاریوں اور عیاریوں سے ہمیشہ محفوظ رکھے۔ آمین
Rana Aijaz
تحریر: رانا اعجاز حسین ای میل :ra03009230033@gmail.com رابطہ نمبر:0300-9230033