کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں نواز شریف آج کراچی میں امن و امان کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کریں گے۔
وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔ اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کی شرکت کا بھی قوی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کراچی میں جاری آپریشن سے متعلق بریفنگ دیں گے۔
جس میں حساس اداروں کے سربراہ بھی شرکت کریں گے۔ گورنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں کراچی آپریشن سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں جبکہ آپریشن سے متعلق حکومت سندھ اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ دوسری جانب وزیر اعظم کراچی کے قریب سمیانی میں پاک فضائیہ کی جانب سے منعقدہ فائرنگ رینج کا دورہ بھی کریں گے اور پاکستان ائیرفورس کی دفاعی قوت کا جائزہ لیں گے۔