لاہور (جیوڈیسک) معروف اداکارہ سارہ لورین کی بالی ووڈ فلم ’’برکھا‘‘ کو ’’ انٹرنیشنل فلم اینڈ انٹرٹینمنٹ فیسٹیول آسٹریلیا ‘‘ (آئی ایف ای ایف اے ) میں نمائش کے لیے منتخب کرلیا گیا۔
فیسٹیول کی انتظامیہ نے سارہ لورین کی فلم کوفارن کیٹگری فلموں میں نمائش کے لیے منتخب کیا ۔ واضح رہے کہ ’’برکھا‘‘بالی ووڈ کی پہلی فلم ہے جس کوآسٹریلین فلم فیسٹیول کے لیے منتخب کیا گیاہے۔ اس سلسلہ میں سارہ لورین نے’’ایکسپریس‘‘ کوبتایا کہ کسی بھی فنکارکے لیے یہ اعزاز کی بات ہوتی ہے کہ اس کی عمدہ اداکاری کوسراہا جائے۔
میرے نزدیک آپ کے بہترین کام پرملنے والے ایوارڈز اور اعزازات کا شمار ان نوادرات سے کم نہیں ہے، جن کومحلات کی زینت بنایا جاتاہے۔ بالی ووڈ کی تاریخ میں ’’برکھا‘‘ بارش کووہ پہلا قطرہ بن گئی جس کوآسٹریلیا میں ہونیو الے مقبول ترین فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔ فلم کی کہانی، میوزک اورمیری اداکاری کو جو رسپانس بالی ووڈسمیت دنیا کے بیشترممالک میں ملا ہے اس کولفظوں میں بیان نہیں کرسکتی۔
انھوں نے کہا کہ ’ آئی ایف ای ایف اے ‘ فلم فیسٹیول میں دنیا کے بیشترممالک کی فلموں کو نمائش کے لیے منتخب کیا جاتا ہے اورپھردنیا بھرسے باصلاحیت فلم میکرز اور فنکاروں کو اس میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔ اس اعتبارسے دیکھا جائے توبالی ووڈ میں سالانہ ایک ہزارسے زائد فلمیں بنائی جاتی ہیں لیکن اس سے پہلے کبھی کسی فلم کواس فیسٹیول میں نمائش کے لیے رابطہ نہ کرنا اس بات کی واضح دلیل ہے کہ ’’برکھا ‘‘ نے جس طرح سے کئی ہفتوں تک بھارت میں کامیابی سے نمائش کی تھی اور ناقدین کا رسپانس ملا تھا وہ درست تھا۔
خاص طور پر پاکستان میں بہت سے لوگوں کا یہ کہنا تھا کہ میں بھارت میں آکرایسا کوئی کام نہیں کررہی کہ جس سے پاکستان کا نام روشن ہوتو’’ برکھا ‘‘ کا آسٹریلین فلم فیسٹیول کے لیے انتخاب ان لوگوں کو جواب ہے ، جوصرف باتیں کرتے ہوئے تنقید کرتے ہیں ، مگرخود کام نہیں کرتے۔ انھوں نے کہا کہ بالی ووڈ میں میرا نیا پروجیکٹ بھی معمول سے ہٹ کرہوگا اورمجھے امید ہے کہ جب لوگ اس کودیکھیں گے توان کو میری فنکارانہ صلاحیتوں کوجاننے کا موقع ملے گا۔