دبئی (جیوڈیسک) جنوبی افریقی کپتان ہاشم آملا کی خراب فارم یونس خان کے لئے خوشی کا پیغام لے آئی، پاکستانی اسٹار بیٹسمین ٹیسٹ رینکنگ میں ایک درجہ ترقی سے ساتویں نمبر پر پہنچ گئے۔
بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقہ کی 0-3 سے شکست کی اہم وجہ کپتان ہاشم آملا کاآؤٹ آف فارم ہونا بھی تھا، ان کا بیٹ مکمل طور پرخاموش رہا جس کا نتیجہ رینکنگ میں تنزلی کی صورت میں برآمد ہوا، ایک درجہ نیچے اترنے کا براہ راست فائدہ یونس خان کو ہوا جو اب ساتویں نمبر پر پہنچ گئے،مصباح الحق کی بدستور 11ویں پوزیشن ہے۔
دہلی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے والے اجنکیا راہنے 14 درجے کی بڑی جست لگا کر 12 ویں نمبر پر پہنچ گئے، ویرات کوہلی نے2 درجے ترقی پاکر 14 ویں نمبر تک رسائی پائی،اسد شفیق کی 13 ویں پوزیشن بچ گئی مگر سرفراز احمد کو 2 درجہ خسارے نے 18 ویں نمبر پر پہنچا دیا۔
اظہر علی ایک درجہ نیچے اتر کر 20 ویں درجے پر پہنچ گئے۔ بولنگ میں یاسر شاہ، جیمزاینڈرسن کے ساتھ تیسری پوزیشن شیئرکررہے ہیں۔