اسلام آباد (جیوڈیسک) ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس میں طالبان سمیت تمام دھڑوں کو مذاکرات کی میز پر لانے اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر زور دیا گیا ہے۔
ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے اختتام پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے پریس بریفنگ میں مشترکہ اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کانفرنس میں شریک ممالک سمیت پوری دنیا افغانستان کی خود مختاری کا احترام کرے، پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے پر الزام تراشی بند کریں۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہارٹ آف ایشیا ممالک کو مشترکہ دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے کے لئے مشترکہ طور پر حکمت عملی بنانے کی ضرروت ہے، ہمیں دہشت گردوں کی مالی معاونت کو ختم کرنا ہوگا، افغانستان میں ہمیں طالبان سمیت تمام دھڑوں کو مذاکرات کی میز پر لانا ہوگا۔
افغان مفاہمتی عمل کے لئے تمام رکن ممالک اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ افغانوں کی زیر قیادت امن عمل میں تعاون کیا جائے، جہاں سے مذاکرات کا سلسلہ ٹوٹا وہی سے اسے دوبارہ شروع کیا جائے۔