واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران کہا پاکستان اور بھارت کو تمام مسائل خود حل کرنا چاہئیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات جاری رہنے کے حامی ہیں۔
یہ فیصلہ دونوں پر چھوڑتے ہیں کہ مذاکرات میں کون کون شامل ہو گا۔ پاکستان اور امریکا کے فوجی تعلقات کے بارے میں ترجمان جان کربی کا کہنا تھا دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان روابط پرانے ہیں۔ امریکی اور پاکستانی جرنیل ایک دوسرے کے ملک کے دورے کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات امریکا کے لئے اہم ہیں۔ افغانستان کے بارے میں جان کربی نے کہا اسلام آباد میں ہونے والے ہارٹ آف ایشیا مذاکرات محفوظ اور پر امن افغانستان کے قیام میں مدد دیں گے۔
افغانستان کے پاکستان سمیت اپنے تمام ہمسایوں سے اچھے تعلقات کے لئے پرامید ہیں۔ ہارٹ آف ایشیا مذاکرات کی میزبانی کے لئے اسلام آباد کے مشکور ہیں۔