لاہور (جیوڈیسک) معروف اداکارہ وماڈل حمائمہ ملک نے اداکارشان کی ڈائریکشن میں کام کرتے ہوئے اپنی اداکاری میں خوب سارا نکھارآجانے کا دعویٰ کردیا۔ ایک طرف اداکارہ نے شان کو پاکستان کی شان قراردیا تودوسری جانب خود کوماضی کے مقابلے میں بہتر اداکارہ کے طورپرسامنے آنے کی بات بھی کرڈالی ۔
واضح رہے کہ حمائمہ ان دنوں لاہورمیں فلم ’’ارتھ ٹو‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں اداکارشان مرکزی کردارنبھانے کے ساتھ اس کی ڈائریکشن بھی کررہے ہیں۔ اس سلسلہ میں جب حمائمہ ملک سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے ’’ ایکسپریس ‘‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شان بہترین اداکارہونے کے ساتھ بہترین ڈائریکٹربھی ہیں۔ وہ جس طرح سے ’’ارتھ ٹو‘‘ کے لیے محنت سے کام کررہے ہیں اورمجھ سمیت تمام فنکاروں سے کام کروا رہے ہیں، اس سے مجھے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ میں نے چند روزپہلے ہی شوٹنگ میں حصہ لیا ہے اوراس دوران جس طرح سے شان نے مجھے میرے کردار کے بارے میں سمجھایا اورکیمرے کے سامنے پرفارم کرنے کاانداز بتایا ، وہ بہت ہی منفرد اورآسان تھا۔ ان کے اس انداز نے مجھے بہت متاثرکیا ہے، جس کی وجہ سے میں یہ کہنے پرمجبورہوچکی ہوں کہ اس فلم میں میرا کام دیکھ کرلوگ مجھے بہتر اداکارہ مانیں گے۔
میں خود اس بات کوسمجھ رہی ہوں کہ اس سے پہلے بالی ووڈ اورپاکستان میں ، میں نے جو کام کیا، اس فلم میں میرا کام سب سے بہتر ہے۔ بلکہ میں تویہ بھی کہنا چاہتی ہوں کہ اس فلم میں کام کرتے ہوئے میں بہترین اداکارہ بن جاؤں گی ۔ ایک سوال کے جواب میں حمائمہ ملک نے کہا کہ ’’ارتھ ٹو‘‘ بین الاقوامی معیار کے مطابق بنائی جانے والی ایک ایسی فلم ہے جس کوشائقین دیکھ کردنگ رہ جائیں گے۔ اس کی کہانی، میوزک اورلوکیشنز سمیت جدید ٹیکنالوجی سے تکنیکی کام بھی شائقین کی توجہ کا مرکز بنے گا۔