لاہور (جیوڈیسک) واہگہ بارڈر حادثے کے بعد بھارت نے پاکستانی رینجرز حکام سے معافی مانگ لی۔ اس حوالے سے معلوم ہواہے واہگہ بارڈر پر مبینہ نشے میں دھت بھارتی سکھ شہری نے ٹاٹا مہندرا ماڈل کی جیپ انڈین بارڈر سیکیورٹی کے تمام بیریئرز کو توڑتے ہوئے پاکستان اور بھارت کے سرحدی گیٹوں سے ٹکرا دی تھی۔
ذرائع کے مطابق گاڑی زیرو لائن کراس کر کے پاکستانی حدود میں داخل ہو گئی تھی۔ انڈین بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکار سکھ ڈرائیور اور اُس کی گاڑی کو نو مینز لینڈ سے واپس لے گئے۔ ملزم سکھویندر کینیڈا میں رہنے والا ہندوستانی شہری ہے جو مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھا۔
ذرائع کے مطابق بارڈر کی پہلی رکاوٹ توڑنے پر عموماً فائر کھول دیا جاتا ہے، مگر بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس نے کوئی گولی چلائی تھی نہ ہی ڈرائیور کو روکا تھا۔ بعض ذرائع کے مطابق ملزم سکھویندر سنگھ کینیڈین شہری اور گلوکاری کرتا ہے۔
بھارتی حکام نے کہا کہ واقعہ بارڈر حکام کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا تھا اور اگر بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز کی جانب سے بہترین انتظامات کئے جاتے تو شاید یہ واقعہ رونما نہ ہوتا۔