کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ خطبہ حج الوداع انسانی حقوق کاسب سے پہلا چارٹر ہے،اسلام دنیا کا واحد مذہب جو انسان تو کیا ہرچیز کو حقوق مہیا کرتاہے،موجودہ عالمی بدترین حالات انسانی حقوق کی عدم پاسداری کے باعث ہے ،بے گناہ عافیہ کو سزا دیکر امریکا نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی ، مگر اس کے خلاف عالمی حقوق کی نام نہاد تنظیوں نے کوئی آواز بلند نہیں کی۔
جمعرات کو جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اسلام نے انسانیت کو جو حقوق مہیا کیے ہیں وہ کسی مذہب نے نہیںکیے ، اسلام معاشرے کے ہر فرد کو برابری کے حقوق دیتاہے ،انہوںنے کہاکہ عالم اسلام کے خلاف اس وقت جو کچھ بھی ہورہاہے وہ عالمی انسانی حقوق کے خلاف کیا جارہاہے ایک طرف مغرب ہمیں حقوق انسانی کا درس دیتاہے تو دوسری جانب وہ عافیہ جیسی بیگناہ قوم کی بیٹی کو جیل میں قید کیے ہوئے ہے ، انہوںنے کہاکہ جس وقت انسانیت کے حقوق کی پامالی دنیا کا دستور بن چکا تھا عورت اپنا مقام کھوچکی تھی اور تذلیل انسانیت کی فضاء تیزی سے بن رہی تھی ایسے میں اللہ تعالیٰ نے سب سے بڑے داعی محمد ۖ کو اپنا نبی بناکر بھیجاجن سے سب سے پہلے دنیا میں انسانی حقوق کی عالمی سطح پر آواز اٹھائی، آپ صلی اللہ ۖ نے جو حقوق خطبہ حج الوداع کے موقع پر بیان کیے۔
ان کی مثال اس سے قبل نہیں ملتی انسانی حقوق کی حفاظت اور دفاع اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں پنہاں ہے، انہوںنے کہاکہ مغرب نے ہردور میں حقوق کے نام پر انسانیت کا استحصال کیا ہے۔ ایک طرف مغرب حقوق نسواء کی بات کرتا ہے تو دوسری جانب عورت کوبازاری چیز بناکر اس کی تذلیل کے در کھل کر رکھ دیے ہیں ،انہوںنے کہاکہ امت مسلمہ پر پوری دنیا میں ظلم ہورہے ہیں کبھی امریکا نشانہ بنارہاہے تو کبھی دہشت گردی کے نام پر انہیں جیلوں میں قیدوبندکیاجارہے ، برما میں مسلمانوں کیلئے ذمین تنگ کردی گئی ہے،انہوں نے کہاکہ اسلام ذات پات، نسل، رنگ، جنس، زبان، حسب و نسب اور مال و دولت ہر قسم کے امتیازات کی نفی کرتاہے دنیا میں انسانی حقوق کی پاسداری نہ کرنے کی وجہ سے ہی بدامنی اور لاقانونیت پھیل رہی ہے نام نہاد عالمی حقوق کی تنظیمیں ہی تذلیل انسانیت کی مثالیں قائم کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔