اسلام آباد (جیوڈیسک) سندھ بلدیاتی انتخابات کے دوران پابندی کے باوجود کراچی میں ریلی نکالنے پر الیکشن کمیشن نے عمران خان اور سراج الحق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سات روز میں جواب طلب کیا ہے ۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ بلدیاتی انتخابات کے دوران سربراہ تحریک انصاف عمران خان اور امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے ریلی نکالی تھی جس پر الیکشن کمیشن نے دونوں رہنماؤں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سات روز میں جواب طلب کیا ہے ۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد بڑی ریلیاں نکالنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے این اے 154 لودھراں کے ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری ہونے کے بعد بھی ارکان اسمبلی کے دورہ کرنے پر نوٹس لیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد ارکان اسمبلی کا دورہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، لودھراں کے حلقہ این اے 154 میں ضمنی انتخابات 23 دسمبر کو ہونے ہیں ۔