سپریم کورٹ کا گنے کی قیمت مقرر نہ ہونے پر سندھ حکومت سے جواب طلب

Supreme Court

Supreme Court

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے گنے کی قیمت نہ مقرر کرنے پر سندھ کی حکومت سے جواب طلب کر لیا، عدالت کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو گنے کی قیمت مقرر کرنے سے نہیں روکا گیا ۔

عدالت عظمی کے جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے گنے کی قیمت مقرر کرنے کے معاملے پر شوگرمل مالکان کی درخواستوں پر سماعت کی ۔

کاشتکاروں کے وکیل رشید رضوی نے عدالت کو بتایا کہ گنے کی کرشنگ کا نیا سیزن شروع ہو گیا ہے ، عدالتی کارروائی کی آڑ میں سندھ حکومت گنے کی قیمت مقرر نہیں کر رہی۔

جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ عدالت نے سندھ حکومت کو گنے کی قیمت مقرر کرنے سے نہیں روکا، سندھ حکومت کے گنے کی قیمت مقرر نہ کرنے پر متعقلہ فورم سے رجوع کیا جائے ۔

جسٹس عظمت سعید نے سندھ حکومت کے وکیل سے استفسار کیا کہ سندھ حکومت نے گنے کی قیمت مقرر کرنی ہے یا نہیں جس پر سندھ حکومت نے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ وہ گنے کی قیمت مقرر کرنے کے معاملے پر سندھ حکومت سے بات کریں گے ، بعد ازاں عدالت نے جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی ۔