کراچی (جیوڈیسک) کوئٹہ سمیت شمال مغربی بلوچستان میں ہونے والی برف باری اور بارش سے جہاں ان علاقوں میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے وہیں کراچی میں بھی ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا ہے۔
ملک کے بالائی حصوں اور شمال مشرقی بلوچستان میں برف باری اور بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔ گلگت بلتستان ، خیبر پخونخوا کے پہاڑی علاقوں اور گلیات میں پہاڑوں پر ہونے والی برفباری کے باعث لوگوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، گلیات میں گزشتہ دو روز سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جب کہ رابطہ سڑکوں کی بندش نے مقامی افراد کے روز مرہ معمولات کو شدید متاثر کیا ہے۔
کوئٹہ اور قلات سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں برفباری اور بارش نے جہاں ان علاقوں کو شدید سردی کی لپیٹ میں لے رکھا ہے وہیں کوئٹہ کی یخ بستہ ہواؤں نے کراچی کو بھی موسم کو یک لخت سرد کردیا ہے۔ شہر میں اس وقت 8 سے 10 ناٹ کی رفتار سے گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں جب کہ حد نگاہ 4 کلو میٹر تک ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے سردی قلات میں رہی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12 ڈیگری ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ کالام میں منفی 11 ، استور منفی 10 ، کوئٹہ اور دالبندین منفی 7 جب کہ مالم جبہ اور پاراچنار منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
آئندہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور اور سکھر ڈویژن میں رات اورصبح کے وقت شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے جب کہ کراچی میں کم از کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ تین سے چار روز کے دوران شمالی بلوچستان سمیت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا جب کہ پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور اور سکھر ڈویژن میں شدید دھند پڑے گی۔