سی سی پی کا مسابقتی کارواں پنجاب میں داخل ہوگیا

CCP

CCP

اسلام آباد (یاسر رفیق) سی سی پی کا مسابقتی کارواں پنجاب میں داخل ہوگیا۔ مسابقتی کمیشن (سی سی پی) کا مسابقتی قوانین کی آگہی مہم کیلیے اسلام آباد سے شروع ہونے والا قومی روڈ شو نامی مسابقتی کارواں خیبر پختونخوا میں بیداری مہم کے بعد پنجاب میں داخل ہوگیا۔

گزشتہ روز جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پنجاب میں یہ کارواں کاروباری برادری کو مسابقتی قانون پر بریفنگ دیگا، سی سی پی کی ٹیمیں پیر کو گجرات چیمبر آف کامرس میں سیمینار سے روڈ شوز کا آغاز کرینگی، پھر 15 دسمبر کو سیالکوٹ، 16 گجرانوالہ، 17 فیصل آباد، 19 کو جھنگ اور 21 دسمبر کو سرگودھا چیمبر اور ٹریڈ ایسوسی ایشنز میں سیمینارز منعقد کرینگی، مسابقتی کارواں ملتان میں 29 اور بہاولپور میں 30 دسمبر کو سیمینارز کے بعد پنجاب میں روڈ شو مکمل کر لے گا۔

جس کے بعد سندھ کا رخ کیا جائیگا۔ اعلامیے کے مطابق مسابقتی کارواں سی سی پی کا بڑا ایڈووکیسی اقدام ہے جس کا مقصد قانون کی آگہی اور شعور بیدار کر کے مضبوط کاروباری تعمیلی کلچر کو فروغ دینا ہے، روڈ شو سے اسٹیک ہولڈرز کو رابطے میں لا رہا ہے جن میں کثیر قومی کمپنیاں، ایس ایم ایزاور پیشہ وارانہ ادارے شامل ہیں، مسابقتی کارواں کو کاروباری حلقوں میں زبردست پزیرائی مل رہی ہے اور مزید ادارے اس قومی روڈ شو میں شمولیت کیلیے سی سی پی سے رابطے میں ہیں۔