پارہ چنار (جیوڈیسک) عیدگاہ مارکیٹ میں دھماکے سے 10 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 40 افراد زخمی ہوئے۔
دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ ذرائع نے بتایا کہ مارکیٹ کے قریب لنڈا بازار بھی موجود ہے جہاں لوگ خریداری کر رہے تھے ، اس کی نوعیت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
بعد ازاں ریسکیو اہلکاروں نے زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کی چھٹی کی وجہ سے لنڈا بازار میں خریداری کیلئے آنے والے عوام کی بڑی تعداد موجود تھی ، دھماکے کے بعد چاروں طرف بھگدڑ مچ گئی اور لوگ دیوانہ وار بوکھلاہٹ میں اپنی جان بچانے کیلئے بھاگ کھڑے ہوئے ۔ اسی دھکم پیل میں کئی لوگ ایک دوسرے کے پیروں تلے آکر کچلے گئے۔
ریسکیو اہلکاروں اور پولیس نے آکر مرنے والوں کی میتوں اور زخمی ہونے والے شہریوں کو ہسپتال منتقل کیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی گئی ، شدید زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال میں ایڈمٹ کرلیا گیا جبکہ دھماکے میں معمولی زخمی ہونے والوں کو مرہم پٹی کر کے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔
دوسری جانب سکیورٹی اہلکاروں نے دھماکے کی جگہ کو سیل کر دیا اور وہاں سے ضروری شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیئے ، وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی مذموم کوششیں ضرب عضب اور دہشتگردوں کیخلاف جاری دیگر کارروائیوں کو روک نہیں سکتیں ، ہم نے ملک سے دہشتگردی ختم کرنے کا عزم کر رکھا ہے اور ملک دشمنوں کو چن چن کر ختم کریں گے۔
وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کیخلاف تمام پاکستانی متحد ہیں اور کسی ملک دشمن کو اس سرزمین کو خون سے نہلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف ہمارا عزم پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور ہم ایسی کارروائیوں کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے ، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی شدید الفاظ میں دھماکے کی مذمت کی اور کہا کہ ایسے واقعات ملک کا امن تباہ کرنے کی مذموم سازش ہیں اور تمام پاکستانیوں کو مل کر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے بھی دہشتگردی کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے دہشتگردی کیخلاف ہمارا عزم متزلزل نہیں ہوگا، ہم نے ملک میں قیام امن کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں اور جب تک اس ملک کو امن کا گہوارہ نہیں بنا لیتے ہم ایک بھی قدم پیچھے نہیں ہٹیں گے، انہوں نے دھماکے میں جاں بحق ہونے افراد کی مغفرت کی دعا کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔