اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف سے ترکمانستان میں بھارتی نائب صدر حامد انصاری کی مختصر ملاقات بھی ہوئی، دونوں رہنماؤں نے جامع مذاکرات کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس سے قبل ترکمانستان میں تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا، تقریب میں پاکستان کی نمائندگی وزیر اعظم نواز شریف جبکہ بھارت کی نمائندگی، بھارتی نائب صدر حامد انصاری نے کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تاپی منصوبہ امن اور تجارت کے فروغ کا ذریعہ بنے گا اور خطے میں گیم چینجر ثابت ہو گا۔
10 ارب ڈالر لاگت کا تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ 2018ء میں مکمل ہو گا۔ اس منصوبے کے تحت ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت کے درمیان 1735 کلو میٹر طویل پائپ لائن بچھائی جائے گی۔ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف کی بھارتی نائب صدر حامد انصاری سے مختصر ملاقات بھی ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی، وزیر اعظم نواز شریف اور حامد انصاری نے پاک بھارت جامع مذاکرات دوبارہ شروع ہونے پر اظہار اطمینان کا اظہار کیا۔