لاہور (جیوڈیسک) پی سی بی کے چئیرمین شہریار خان کہتے ہیں کہ بھارتی رویے سے لاکھوں شائقین کو مایوسی ہوئی ، سیریز کا باب بند کر رہے ہیں ، معاملہ آئی سی سی فورم پر اٹھائیں گے۔
ایک طرف شہریار خان کی مخلصانہ کوششیں اور دوسری طرف بھارتی ہٹ دھرمی ، پاک بھارت کرکٹ سیریز کے رواں برس امکانات ختم ہو گئے۔
ایک انٹرویو میں پی سی بی چئیرمیں شہریار خان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سیریز کھیلنے کا معاہدہ ہے ، بھارتی کرکٹ بورڈ کے کہنے پر سیریز کا وینیو تبدیل کیا تاہم ڈیڈ لائن میں بھی کئی بار توسیع کی اور دو دن قبل ای میل کے ذریعے اڑتالیس گھنٹے کی ایک اور ڈیڈ لائن دی لیکن بی سی سی آئی کی طرف سے کوئی جواب نہ مل سکا۔
شہر یار خان کا کہنا تھا کہ سیریز کے نہ ہونے سے لاکھوں شائقین کو مایوسی ہوئی تاہم بھارت کے ساتھ سیریز کا باب بند کر رہے ہیں اور دو طرفہ سیریز نہ ہونے کا معاملہ آئی سی سی کے فورم پر اٹھائیں گے۔