لاہور (جیوڈیسک) کپتان نے انڈیا میں کھری کھری باتیں کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات کے مخالف گروپوں کو پکڑا جانا چاہئے، دونوں ملکوں کو ہتھیار بیچنے والا بھی جنگ کرا سکتا ہے۔ بھارتی ٹی وی کو انٹر ویو میں عمران خان نے کہا کہ نریندر مودی کو وزیر اعظم بن کر پالیسی تبدیل کرنی چاہئے تھی، کشیدگی کم کرنے کا نسخہ تجارت ہے۔ کپتان کا کہنا تھا کہ بھارت کے کہنے پر کسی کو جیل میں نہیں ڈالا جا سکتا، عدالت ثبوت مانگتی ہے پاکستان کسی کی گرفتاری کا مطالبہ کرے تو کیا بھارت مان لے گا۔
ریحام خان کے بارے میں سوال پر عمران مسکرا دئیے، لیکن طلاق کا ذکر کرتے ہوئے اداس ہو گئے، ان کا کہنا تھا کہ ریحام خان کی جو بات سب سے زیادہ پسند ہے، وہ یہ کہ ریحام اچھی ماں بھی ہے اور ورکنگ وومن بھی ہے، ریحام خان نے دو نوکریاں کر کے اپنے بچوں کو بڑا کیا۔ کپتان نے آرمی چیف کو پاکستان کی مقبول ترین شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنرل راحیل شریف کے آپریشن کیوجہ سے ملک میں امن ہو گیا ہے۔