ڈونیڈن (جیوڈیسک) آج میچ کے آخری روز سری لنکا کو جیتنے کے لیے مزید 296 رنز کی جبکہ نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں کی ضرورت تھی۔ ایک بار نیل ویگنر کی جارحانہ باولنگ نے نیوزی لینڈ کو درکار بریک تھرو دلایا تو اس کے بعد نیوزی لینڈ کے لیے جیت آسان ہو گئی۔
یاد رہے کہ کھیل کے چوتھے دن سری لنکا کو جیت کے لیے 405 رنز کا مشکل ہدف ملا تھا ، تا ہم پوری ٹیم 282 رنز بناکر آوٹ ہو گئی۔ اس اننگز میں بھی دنیش چندی مل نے اچھی بیٹنگ کی اور سب سے زیادہ 58 رنز بنائے ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساودی نے تین جبکہ ٹرینٹ بولٹ ، سانٹنر اور ویگنر نے دو دو وکٹیں لیں۔
کیویز اوپنر مارٹن گپٹل کو پہلی اننگزمیں سنچری سکور کرنے کے پر مین آف دا میچ قرار دیا گیا ۔ چوتھے دن بارش نے تین بار کھیل میں رکاوٹ پیدا کی اور چوتھے دن کے کھیل کے خاتمے پر سری لنکا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا لیے تھے اور کریز پر دنیش چندی مل 31 رنز بنا کر موجود تھے۔
یاد رہے کہ سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا اور نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں اوپنر مارٹن گپٹل کی شاندار سنچری (156) اور کپتان برینڈن میکلم کے تیز رفتار 75 رنز کی بدولت 431 رنز بنائے ۔ جواب میں سری لنکا کی ٹیم 294 رنز بناکر آوٹ ہو گئی۔
سری لنکا کی جانب سے اوپنر کرونارتنے نے 84 جبکہ دنیش چندی مل نے 83 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساودی اور ویگنر نے تین تین وکٹیں لیں جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور مچل سانٹنر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔