کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ رینجرز کے اختیارات کامعاملہ مزید لٹکانے سے گریز کرتے ہوئے صوبائی ووفاقی حکومت باہمی اتفاق سے اس معاملے کا حل نکالیں،رینجرز کو شہر میں امن بحال کرنے پر داد دینے کے بجائے حوصلہ شکنی کرنا قومی مفاد میں نہیں، امن قائم کرنے کے دعویداررینجرز کے اختیارات کی توسیع میں تاخیر کرنا سمجھ سے بالا تر ہے ، شہر قائد کا بچہ بچہ سمجھتاہے کہ بااختیار رینجرز کی تعیناتی سے ہی شہر کا امن بحال ہوا ہے۔
پیر کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں مفتی محمد نعیم نے وفاقی حکومت کی جانب سے ”44ارب قرض لینے کی تیاری” اور” رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے تنازع ”پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی محمدنعیم نے کہاکہ کرپٹ حکمران وسیاستدان ملکی حالات کی خرابی کے ذمہ دار ہیں ،جو اپنے مفاد کیلئے ہر دور میں ملک کو نقصان پہنچاتے رہے ہیں ماضی میں حکمران اقتدار میں آتے رہے ہیں اور ملکی خزانے سے خرد برد کرکے سوئیس بینکوں کی نظر کرتے رہے جس کا نقصان آج ملک کو بھگتنا پڑ رہاہے ،انہوں نے کہاکہ موجودہ ملکی حالات یہ ہیں کہ آج معاشی طور پر مفلوج ور بغیر بیرونی قرضے کے ملک چلا نے سے قاصر ہیں اور پھر بھی حکمران طبقہ اپنی شاہ خرچیوں میں مصروف سب اچھاہے کی رٹ لگائے ہوئے ہے، انہونے کہاکہ ملک کو اللہ تعالیٰ نے اس وطن عزیز کو بے شمار قدرتی وسائل سے مالا مال کیاہے مگر وسائل بروئے کار لاکر ملک کو کچھ دینے کے بجائے حکمران اپنی تجوریاں بھرتے رہے ہیں جس سے ملک میں کرپشن روز بروز بڑھتی ہی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ سیاستدان انتخابات سے قبل عوام سے بلند وبانگ دعوے کرکے اقتدار میںآتے ہیں اور پھر عوامی مسائل ومشکلات کو نظر انداز کرکے اقتدار کے نشے میں دھت ہوجاتے ہیں جس سے معاشرے میں مایوسیاں جنم لیتی ہے اور یہی مایوسی معاشرے میں جرائم کی بڑی وجہ بن جاتی ہیں ہمیں جرائم کے خاتمے کیلئے معاشرے سے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا،مفتی محمد نعیم نے مزید کہاکہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے حوالے سے تنازع رینجرز نواجوانوں کی حوصلہ شکنی کے مترادف ہے، رینجرز کو شہر قائد کا امن بحال کرنے پر داد دینے کی بجائے ان کی حوصلہ شکنی کرنا درست نہیں،انہوں نے کہاکہ عوام پوچھنا چاہتے ہیں آخر گزشتہ کئی روز کے باوجود رینجرز کے اختیارات میں توسیع کیونہیں کی جارہی ہے ،صوبائی اسمبلی کے اجلاسوں میں قرداد کو فوری طور پر کیوں نہیں پیش کیاجارہاہے ،آخر امن قائم کرنے کے دعویدار اور کریڈیٹ حاصل کرنے والے رینجرز کے اختیارات میں توسیع سے گریزاں کیوں ہیں، انہوںنے کہاکہ تنازعات کو مزید ہوا دینے کے بجائے اس کو سیاسی طریقے سے حل کیاجائے ۔مفتی محمد نعیم نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ رینجرز کے اختیارات کامعاملہ مزید لٹکانے سے گریز کرتے ہوئے صوبائی ووفاقی حکومت باہمی اتفاق سے اس معاملے کا حل نکالیں اور دہشت گردی کیخلاف آپریشن کا دائرہ سندھ بھر میںوسیع کیا جائے۔