کراچی (اسٹاف رپورٹر) محب وطن روشن پاکستان پارٹی کی جانب سے شہدائے آرمی پبلک اسکول پشاور کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب ”بیاد طلباءوشہدائے امن “ سے خطاب کرتے ہوئے ایم آر پی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ قوم کی جانب سے آرمی پبلک اسکول پر دہشتگردانہ حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے معصوم طلباءو اساتذہ کی پہلی برسی پورے عزم و حوصلے اور جوش و جذبے سے منانا اور افواج پاکستان کی جانب سے شہدائے آرمی پبلک اسکول کی قربانی کو خراج تحسین وخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑپھینکنے کا عزم مستحسن و خوش آئند ہے۔
امیر پٹی نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے اجگر نے صرف آرمی پبلک اسکول کے طلباءو اساتذہ کو ہی نہیں نگلے فوج و رینجرز اور پولیس سمیت سیکورٹی اداروں کے ہزاروں افسران وجوانوں کو بھی نگل چکا ہے اور ان گنت و لامحدود پاکستانی شہری بھی اس کی خوراک بن چکے ہیں جبکہ قومی معیشت و مستقبل بھی اس کی بھینٹ چڑھتا جارہا ہے اسلئے افواج پاکستان کا دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کا عزم اور قوم کی جانب سے اس عزم کی پذیرائی قابل توصیف ہے جبکہ 16دسمبر کو اے پی ایس طلباءو اساتذہ کے ساتھ دہشتگردی کیخلاف جنگ کی بھینٹ چڑھ جانے والے سیکورٹی اہلکاروں اور معصوم عوام کو بھی یاد رکھا جائے اسلئے اس دن کو ”یوم شہدائے امن “ کے نام سے منسوب کیا جائے۔