سروسز ٹیکس تنازعات پر وفاقی اور صوبائی حکام کا آج اجلاس طلب

Tax

Tax

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے وفاق اور صوبوں کے درمیان انٹرنیٹ سروسز پر جی ایس ٹی ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے سمیت سروسز پر جنرل سیلز ٹیکس کے حوالے سے تنازعات کے حل کے لیے جمعرات کو اعلی سطح کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

کو دستیاب دستاویز کے مطابق صبح 11 بجے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والے اجلاس میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے)، سندھ ریونیو بورڈ (ایس آر بی)اور خیبرپختونخواہ ریونیو اتھارٹی (کے پی آر اے) کے سربراہان سمیت دیگر متعلقہ حکام شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاق اور صوبوں کے درمیان سروسز پر جی ایس ٹی کا معاملہ طے کرنے کے لیے ہونے والی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر عملدرآمد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر بھی بات چیت ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں انٹرنیٹ سروسز پر بھی جی ایس ٹی عائد کیا گیا تھا جسے وفاقی و صوبائی اتھارٹیز کی جانب سے واپس لینے کا اعلان کیاگیا مگر ابھی تک اس کی واپسی کے لیے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جا سکا۔