اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ پروگرام کو حتمی شکل دینے کیلئے پیشرفت پر بھی بریفنگ ہوئی۔
اجلاس میں مریم نواز، وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ اور مصدق ملک بھی شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے ہیلتھ انشورنس پروگرام کیلئے آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔ نواز شریف کا اجلاس میں کہنا تھا نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام مرحلہ وار شروع کیا جائے۔
وزیراعظم نے پروگرام کی نگرانی اور عملدرآمد کا موثر نظام اپنانے، مختلف مراحل کے دوران پروگرام میں کمی کی نشاندہی کرنے کی ہدایات بھی دیں۔
انہوں نے کہا پروگرام کا مقصد غریب افراد کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کرنا ہے۔ غریب بیمار کا علاج کیے بغیر غربت کا خاتمہ ممکن نہیں۔