اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی جانب سے مخالف سیاسی امیدوار کا انتخابی نشان تبدیل کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔
جہانگیر ترین کی جانب سے لودھراں کے ضمنی انتخاب میں مخالف امیدوار کا انتخابی نشان تبدیل کرنے کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان نے جس میں کمیشن کے دیگر 3 اراکین بھی شامل تھے، الیکشن کمیشن نے جہانگیر ترین اور مخالف امیدوار کے نشانات کا جائزہ لینے کے بعد پی ٹی آئی رہنما کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بلے باز کا نشان جہانگیر ترین کے نشان بلے سے ملتا جلتا نہیں ہے۔
واضح رہے کہ لودھراں میں 23 دسمبر کو ضمنی انتخاب ہونے جا رہا ہے جس میں جہانگیر ترین پی ٹی آئی کی جانب سے امیدوار ہیں اور ان کا انتخابی نشان بلا ہے جب کہ آزاد امیدوار جہانگیر خان کا انتخابی نشان بلے باز ہے جس پر جہانگیر ترین نے اعتراض اٹھایا تھا۔