بغداد (جیوڈیسک) عراق کے وزیر دفاع خالد العبیدی نے کہا ہے کہ عراقی فوج امریکا کے زیر قیادت اتحاد کی فضائی حمایت سے جلد شہر رمادی کو داعش کے جنگجوؤں سے آزاد کرا لے گی۔ واضح رہے کہ داعش نے مئی 2015 میں رمادی پر قبضہ کر لیا تھا۔ادھر ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے اپنے امریکی ہم منصب براک اوباما سے ٹیلیفون پر بات چیت کی جس میں شمالی عراق میں ترک فوجیوں کی تعیناتی اور اس کے نتیجے میں عراقی حکومت اور ترکی کے درمیان پیدا ہونے والے نظریاتی اختلافات کو ختم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹیلیفون پر بات چیت کے دوران براک اوباما نے ترک صدر سے کہاکہ وہ عراق کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ دونوں صدور نے اختلافات ختم کرنے کے لیے سفارتی روابط بڑھانے اور داعش کے خلاف آپریشن میں تعاون پر زور دیا۔
دونوں رہنمائوں نے جنیوا اور ویانا معاہدوں کی پاسداری اور شام کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے مذاکراتی عمل کو تیز تر کرنے کی بھی تائید کی۔ عراق نے فوجی انخلا کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ امریکی وزیر دفاع نے کہا اتحادی فوجیوں نے غلطی سے عراقی فوجیوں کو نشانہ بنایا۔