جہلم (ڈاکٹر مظہر مشر) بلاول ہائوس کے کوآرڈی نیٹر فدا دکھن کی میر گاجو ملاح سے ملاقات ، بلاول بھٹو کا پیغام پہنچایا ، جلد بی ڈبلیو او کا مرکزی کنونشن کرانے کا عندیہ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بلاول ہائوس کے مرکزی کوآرڈی نیٹر فدا دکھن نے بلاول بھٹو ورکرز آرگنائزیشن کے مرکزی جنرل سیکرٹری میر گاجو ملاح سے ملاقات کی ، انہوںنے بلاول بھٹو زرداری کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ میر گاجو ملاح حقیقت میں نظریاتی جیالا ہے ، بی ڈبلیو او کے تحت پورے پاکستان میں کارکنوں کی جدوجہد کی تعریف کرتے ہوئے اس آرگنائزیشن کو مضبوط کرنے پر خراج تحسین بھی پیش کیا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی ڈبلیو او ورکرز کنونشن میں بلاول بھٹو زرداری خود تشریف لاکر صدارت کریں گے ،اس موقع پر میر گاجو ملاح نے فدا دکھن کو مرشد سخی شہباز قلندر کی چادر بھی تحفے میں پہنائی۔
جہلم (ڈاکٹر مظہر مشر) مرکزی چیف آرگنائزر شیلٹر ہیومن رائٹس آرگنائزیشن جہلم(رجسٹرڈ)حفیظ اللہ بٹ نے کہا ہے کہ انسانی حقوق وہ بنیادی استحقاق اور آزادیاں ہیں جو ہماری زندگیوں کو اطمینان بخش اور پر معنی بناتے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،حفیظ اللہ بٹ نے کہا کہ عالمی سطح پر انسانی حقوق کے نظام کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب ہر طرف حقوق کی پامالی ہورہی تھی ، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے انسانی حقوق کی پامالی کا عالمی اعلامیہ منظور کرکے اس کا آغاز کیا ، جس پر آج پوری دنیا کے ممالک عمل پیرا ہیں ، آج خوف ، محرومی ، آزادی اظہار اور وہ سب کچھ جن کی ہم صلاحیت رکھتے ہیں ، تعلیم ، صحت ، صاف پانی اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی ہم سب کا حق ہے ، اس موقع پرجنرل سیکرٹری پریس کلب جہلم راجہ سہیل کیانی نے کہا کہ دنیا بھر میں بچوں سے جبری مشقت کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کراتے ہوئے معاشی حالت کا بندوبست کیا جائے ، انسانی حقوق کی پامالی کی بڑی وجہ معاشرے میں ناانصافی اور عدم توازن ہے ، اس کے لئے مثبت اقدامات کی ضرورت ہے۔
جہلم (ڈاکٹر مظہر مشر) ضلعی نائب امیر جماعت اسلامی راجہ ضیاء اشرف ایڈووکیٹ کی کوششوں سے دو فریقین میں صلح ،اہل علاقہ نے مثبت کردار پر خوشی کا اظہار کیا ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر کے علاقہ کول پور میں گزشتہ دنوں معمولی بات پر جھگڑا ہوا جو بڑھتے بڑھتے طول پکڑ گیا ، دونوں فریقین میں صلح کیلئے مہینہ بھر علاقے کی سرکردہ شخصیات نے کوششیں کیں ، مگر جھگڑا بڑھتا ہی گیا ، آخر کار ضلعی نائب امیر جماعت اسلامی راجہ ضیاء اشرف ایڈووکیٹ نے دونوں فریقین سے ملاقات کی اور افہام و تفہیم سے متعلق تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کو معاف کرنے کا سبق دیا ، جس پر دونوں فریقین کے درمیان کئی دنوں سے جاری سر د جنگ ختم ہوگئی ، صلح کے وقت یونین کونسل چک خاصہ کی معروف سیاسی شخصیت ملک وزیر خان ، صدر پریس کلب جہلم ڈاکٹر مظہر مشر ، چیئرمین میڈیا ون سید اکرم شاہ بخاری ، چیف ایڈیٹر اپنا اخبار ڈاکٹر تصور مرزا بھی موجود تھے ، ملک وزیر خان نے صلح کروانے پر دونوں فریقین کے علاوہ راجہ ضیاء اشرف ایڈووکیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے مستحسن قدم قرار دیا،یاد رہے کہ خاتون ریحانہ کوثر کے معمولی تنازعہ پر ساجد بٹ وغیرہ نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا ، پولیس کو درخواست دینے کے باوجود کوئی عملدرآمد نہیں ہورہا تھا ، بعدازاں شیلٹر ہیومن رائٹس آرگنائزیشن جہلم کی درخواست پر خاتون کی مدد کیلئے ڈی ایس پی صدر سرکل ملک عدنان احمد سے ملاقات کی گئی اور تمام صورتحال سے آگاہ کیا گیا ، لیکن راجہ ضیاء اشرف ایڈووکیٹ نے انتہائی خوش اسلوبی سے دونوں فریقین کے درمیان صلح کروا کر علاقے کو بڑے ناخوشگوار حالات سے بچالیا۔
جہلم ( ڈاکٹر مظہر مشر) چیف انجینئر اریگیشن سرگودھا زون نے نہر لوئرجہلم کو 26 دسمبر سے 12 جنوری تک اور نہر اپر جہلم کو 12 جنوری سے 29 جنوری تک سالانہ مرمت کیلئے بند کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ سرگودھا زون کی چار نہروں کو 26 دسمبر سے 30 جنوری تک سالانہ مرمت کیلئے بند کیا جائیگا تاکہ نہروں کے آخر ی حصہ تک پانی روانی اور بغیر رکاوٹ کے پہنچ سکے اورزیادہ سے زیادہ رقبہ زیر کاشت لایا جا سکے۔