ڈربن (جیوڈیسک) جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان اور اسٹار بیٹسمین ہاشم آملہ نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف شیڈول ہوم ٹیسٹ سیریز میں اپنی کھوئی ہوئی فارم دوبارہ حاصل کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔
جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے باکسنگ ڈے کے موقع پر ڈربن میں شروع ہوگا۔
ہاشم آملہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بلاشبہ میری ناقص فارم تشویشناک ہے تاہم حوصلے بلند ہیں، کھلاڑی کے کیریئر میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں،کھوئی ہوئی فارم حاصل کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے پاس اچھا باؤلنگ یونٹ ہے اور یہاں کی وکٹیں ان کیلئے موزوں ہوں گی، ا س لئے سیریز میں کامیابی کیلئے ہر کھلاڑی کو کھیل کے تینوں شعبوں میں اپنی ذمہ داری احسن طریقے نبھانا ہو گی۔