اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ سندھ میں رینجرز کو قانون اور آئین کےمطابق اختیارات دیئے جائیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویزرشید کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن پر تمام جماعتیں متفق ہیں ۔ یہ کسی کی انا کا مسئلہ نہیں ہے رینجرز کو جو بھی ذمہ داری دی گئی اسے نبھانے کے لئے قانونی تقاضے پورے کرنے ہیں۔
میڈیا میں سندھ حکومت کی سمری مسترد کردینے کی باتیں خود ساختہ ہیں، قانونی ماہرین سمری کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کے تقاضوں کے مطابق رینجرز کو اختیارات دیئے جائیں گے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کے فیصلے سے وزیر داخلہ خود آگاہ کریں گے۔
پرویز رشید نے کہا کہ سندھ میں گورنر راج کی باتیں من گھڑت ہیں جس نے بھی 18 ویں ترمیم پڑھی ہے وہ گورنر راج کا سوال بھی نہیں کرسکتا۔ مسلم لیگ (ن )کی حکومت سیاسی مفاہمت پر کاربند ہے اور آئندہ بھی مفاہمانہ کردار ادا کرتی رہے گی ۔