دبئی (جیوڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایوارڈ 2015 کا اعلان کردیا جس کے مطابق آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ پلیئر آف دی ایئر کے علاوہ سرگارفیلڈ سوبر ٹرافی جیتنے والے چوتھے آسٹریلوی کھلاڑی بن گئے جب کہ جنوبی افریقا کے کپتان اے بی ڈیویلئرز نے ون ڈے کرکٹ میں پلیئر آف دی ایئر کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
آئی سی سی نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سمیت سال کے بہترین کھلاڑیوں کے ناموں کر اعلان کردیا جس کے مطابق آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے سرگار فیلڈ سوبر اعزاز سمیت ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر کا اعزاز اپنے نام کرلیا جب کہ جنوبی افریقا کے ون ڈے ٹیم کے کپتان اے بی ڈیویلیئرز نے پلیئر آف دی ون ڈے کرکٹ کا اعزاز اپنے نام کیا۔
26 سالہ آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے 18 ستمبر 2014 سے 13 ستمبر 2015 کے دوران 13 ٹیسٹ میچز میں 82.57کی اوسط سے ایک ہزار 734 رنز بنائے جس میں 7 سنچریاں اور 6 نصف سنچریاں شامل ہیں جب کہ انہوں نے 26 ایک روزہ میچز میں 4 سنچریوں اور8 نصف سنچریوں کی بدولت 60 کی اوسط سے ایک ہزار 249 رنز بنائے۔ اسٹیون اسمتھ ورلڈ کپ 2015 کی اس ٹیم کا بھی حصہ تھے جس نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ورلڈ کپ اپنے نام کیا۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 56 گیندوں پر 119 رنز بنانے والے جنوبی افریقی بلے باز فاف ڈپلوسی کو پرفارمنس آف دی ایئر کے اعزاز سے نوازا گیا۔نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈم میکیولم کو مسلسل بہترین کارکردگی اور جارحانہ طرز کی کرکٹ کھیلنے پر اسپرٹ آف دی کرکٹ کا اعزاز دیا جب کہ آسٹریلوی فاسٹ بولر ہیزلی ووڈ کو ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر قرار دیا گیا۔ اسی طرح متحدہ عرب امارات کے سابق کپتان خرم خان کو 9 میچز میں 425 رنز بنانے پر آئی سی سی ایسوسی ایٹس کرکٹر آف دی ایئر کے اعزاز سے نوازا گیا۔