کراچی (اسٹاف رپورٹر) حلقہ علویہ القادریہ کے سربراہ و سجادہ نشین درگاہ شاہ جیلانی سید خورشید الحسن شاہ جیلانی نے کہاکہ بھوکوں کو کھانا کھلانا اور یتیم مساکین کے سروں پر ہاتھ رکھنا اور ان کی داد رسی کرنا سنت نبویۖ ہے معاشرتی اصلاح کے لئے اللہ اور ان کے پیارے رسول ۖ اور تعلیمات اولیاء پر عمل کرنا انہتائی ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیپل گارڈن گلشن اقبال میں حامد شیخ کی رہائش گاہ پر منعقد محفل عید میلاد النبی ۖ اور محفل گیارہویں شریف سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر حضرت علامہ جیلانی چاند پوری کے خلفاء اکرام ،مریدین اور عوام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی تقریب میں ممتاز ثناء خوان رسول ۖ نے بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کئے محفل سے خطاب میں سجادہ نشین درگاہ شاہ جیلانی سید خورشید الحسن شاہ جیلانی نے مزید کہاکہ آقائے دوجہاں حضرت محمد مصطفی ۖ کی ولادت با سعادت پوری دنیا کے انسانوں کے لئے باعث رحمت ہے اللہ تعالیٰ نے آپ ۖ کو دنیا میں بھیج کر عالم انسانیت پر احسان عظیم فرمایا انہوں نے کہا کہ ہم پر لازم ہے کہ ہم انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنا کر سنت نبوی ۖ پر عمل کرتے ہوئے اپنے معاشرے میں سدھار لانے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں تقریب کے اختتام پر ملکی ترقی سلامتی اور خوشحالی اور دین اسلام کے فروغ کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔