پشاور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقدہ گرینڈ قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ فاٹا کو مرحلہ وار خیبر پختونخوا کا حصہ بنایا جائے۔
قبائل سے متعلق کئے گئے ہر فیصلے میں قبائلیوں سے مشاورت کی جائے۔ انہوں نے فاٹا کی آئینی حیثییت کے تعین کیلئے قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹیرینز اور وہاں کی رسومات سے باخبر عمائدین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا۔
کپتان نے ایف سی آر میں اصلاحات پر بھی زور دیا، جن کا کہنا تھا کہ فاٹا میں بگڑا ہوا نظام ایک بار پھر دہشتگردی کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتا ہے۔
گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے فاٹا سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹیرینز کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص ٹولہ اپنے ذاتی مفاد کیلئے فاٹا میں پرانا نظام قائم رکھنا چاہتا ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
قبائلی جرگے میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک، سپیکر اسد قیصر، دیگر وزراء، فاٹا سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹیرینز اور قبائلی عمائدین نے بھی شرکت کی۔