لاہور (جیوڈیسک) مینار پاکستان گراؤنڈ میں تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام 32 ویں عالمی میلاد کانفرنس ہوئی۔ مینار پاکستان گراؤنڈ اور سٹیج کو برقی قمقموں، غباروں، پھولوں اور دیگر آرائشی چیزوں سے دلہن کی طرح سجایا گیا تھا۔
شدید سردی کے باوجود ہزاروں عاشقان مصطفی ساری رات کھلے آسمان تلے موجود رہے۔ شرکا نے حضور نبی اکرم کے ساتھ اپنی گہری عقیدت کا اظہار کیا۔ کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی نعت خوانوں نے آقائے دوجہاں کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔
تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کانفرنس سے خصوصی خطاب کیا۔ انھوں نے حضور پاک سے محبت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریم سے محبت ہی ایمان کی حفاظت ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا اور نبی اکرم کے حضور سلام عقیدت پیش کیا گیا۔
طاہر القادری نے ملک و قوم کی سربلندی اور مسلمانوں کے درمیان یکجہتی کے فروغ کیلئے خصوصی دعا مانگی۔ اس موقع پرسکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔