لودھراں (جیوڈیسک) کپتان کے اہم کھلاڑی جہانگیر ترین نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار صدیق بلوچ کو کلین بولڈ کر دیا۔ اس اہم سیاسی معرکے میں جہانگیر ترین نے ایک لاکھ 17 ہزار 53 ووٹ حاصل کرکے اپنے مدمقابل امیدوار صدیق بلوچ کو شکست دی۔ صدیق بلوچ 73 ہزار 247 ووٹ حاصل کر سکے۔ واضح رہے کہ 2013ء کے عام انتخابات میں آزاد حیثیت سے حصہ لینے والے صدیق بلوچ نے جہانگیر ترین کو شکست دیدی تھی تاہم وہ بعد ازاں مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے تھے۔ جہانگیر ترین کا الیکشن میں فتح کے بعد گفتگو میں کہنا تھا کہ آج سے مسلم لیگ (ن) کا سورج غروب ہونا شروع ہوگا۔ لودھراں کی عوام کو اربوں کی رشوت دینے کی کوشش کی گئی لیکن میرے لوگوں نے حکومتی پالیسی کو سختی سے مسترد کر دیا۔
میں کامیابی پر لودھراں کی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہمیں لودھراں کی عوام کو ترقی کی راہ پر ڈالنا ہے۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ حکومت ڈھائی ارب کا پیکج تیار رکھے میں اسے لینے آ رہا ہوں۔ دوسری جانب کامیابی کی اطلاع ملتے ہی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جہانگیر ترین کو ٹیلی فون کیا اور انھیں ضمنی الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ این اے 154 میں حق اور سچ کی فتح ہوئی ہے۔
جہانگیر ترین کی کامیابی کی اطلاع ملتے ہی تحریک انصاف کے کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا جبکہ جیت کی خوشی میں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ منچلوں نے زبردست آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا۔