اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی مزید بڑھ گئی ہے اور میدانی علاقے خشک سردی کی لپیٹ میں ہیں ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب کم درجہ حرارت قلات، کالام منفی 12، استور منفی 11 ،ا سکردو منفی 10 ریکارڈ کیا گیا۔
گلگت بلتستان ، کے پہاڑوں پر کبھی برف باری کا سلسلہ جاری تو کبھی تھم جا تا ہے جس کے بعد سرد ہوائیں میدانی علاقوں کا رخ کررہی ہیں ،ا ور سردی میں اضافہ ہورہا ہے ۔ادھرملاکنڈ ڈویژن کے ضلع لوئر اور اپر دیر میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
لوئر دیر میں برفباری کے بعد لطف اندوز ہونے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد پرفضا مقامات پر پہنچ رہی ہے۔ دوسری طرف مری میں بھی ملک بھر سے بڑی تعداد میں سیاح ملکہ کوہسار برفباری اور ٹھنڈ کا مزا لینے پہنچے ہیں ۔ سندھ اور پنجاب میں بھی سردی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جبکہ قبائلی علاقوں میں موسم ابر آلود ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ تاہم اگلے چند روز کے دوران پنجاب کے میدانی علاقوں ، پشاور اور سکھر ڈویژن میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔