اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ملک میں جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر کی قربانیوں کا ثمر ہے، آزاد اور مضبوط جمہوریت کا خواب پورا کر کے دم لیں گے۔
سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر ایک بیان میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ عوام اور تاریخ گواہ ہیں کہ جب بھی ملک میں جمہوریت کو خطرہ ہوا پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے قربانیاں دیکر اسے بحال کیا۔ ذوالفقار بھٹو کی شہادت کے بعد بے نظیر بھٹو نے سیاسی جدوجہد کی نئی تاریخ رقم کی اور ان کے جمہوری وژن کی بدولت ہی آج ملک میں معاشرتی اور سیاسی استحکام ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ آج کا جمہوریت کیلئے عظیم قربانی کی علامت اور آمریت کی رخصت کا بھی دن ہے۔ عہد کرتے ہیں کہ بے نظیر بھٹو کے جمہوری اصولوں کی ہمیشہ پاسداری کریں گے۔ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور آزاد و مضبوط جمہوریت کا خواب پورا کر کے دم لیں گے۔