لاہور (جیوڈیسک) آئی سی سی نے یاسر شاہ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر معطل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق انگلینڈ کے خلاف ون ڈے میچ میں 13 نومبر کو یاسر شاہ کا ڈوپ ٹیسٹ لیا گیا تھا۔ جس میں یہ سامنے آئی ہے کہ یاسر شاہ نے کورتھیلیڈون نامی ایک دوا کا استعال کیا جو کہ واڈا قوانین کے تحت ممنوع ہے۔
اس سال یاسر شاہ عالمی سطح پر 49 وکٹیں لے کر پاکستان کے سب سے کامیاب باؤلر رہے۔ ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر موجود یاسر شاہ نے اپنا ڈیبیو گزشتہ سال آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز میں کیا تھا اور پہلی سیریز میں انہوں نے کامیابی ضاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ یاسر کے ڈوپ ٹیسٹ کا دوسرا نمونہ مثبت آنے کی صورت میں ان کو آئی سی سی کی طرف سے لمبی پابندی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم آئی سی سی کی طرف سے ابھی تک باقاعدہ سزا کا اعلان نہیں کیا گیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل آئی سی سی نے سری لنکن بلے باز کشال پریرا کو بھی ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر معطل کردیا تھا۔
کرکٹ مبصرین نے یاسر شاہ کی معطلی کو پاکستان کی کرکٹ کے لیے انتہائی افسوسناک خبر قرار دیا ہے۔